وزیر اعظم نے کہا کہ قوم پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے ایشین ٹائیگربنانے کیلئے اُسی اتحاد اور جذبے کامظاہرہ کررہی ہے جس کااظہار اُس نے 1998ء میں کیاتھا۔

 ملک بھر میں یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا گیا
27 مئی 2017 (15:37)
0

1998 میں آج کے دن پاکستان کی طرف سے کئے گئے تاریخی ایٹمی تجربات کی یاد میں اتوار کویوم تکبیر منایا گیا۔ایٹمی صلاحیتوں کے مظاہرے کے ساتھ پاکستان دنیا کی ساتویں اور امت مسلمہ کی پہلی ایٹمی طاقت بن گیا۔
ایٹمی تجربات نے پاکستان کادفاع ناقابل تسخیربنادیا۔اس موقع پر ملک کی ترقی اور خوشحالی، آئین کی بالادستی، قوم کی خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
مختلف تنظیموں نے دن کی اہمیت کواجاگر کرنے کیلئے آج خصوصی پروگراموں اورتقریبات کااہتمام کیا۔ریڈیو پاکستان نے یوم تکبیر کے حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کئے۔
ریڈیو پاکستان لاہور کے نمائندے سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے پاکستان کو ایٹمی ملک بنانے پر وزیراعظم نواز شریف کی تعریف کی۔
پاکستان مسلم لیگ(ن)کے ایک اور رہنما اور وزیراعلی پنجاب کے خصوصی معاون رانا محمد ارشد نے کہا کہ1998 ایٹمی تجربات نے پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر بنادیا۔
یوم تکبیر کے موقع پر وزیراعظم محمدنوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے ایشین ٹائیگربنانے کیلئے اُسی اتحاد اور جذبے کامظاہرہ کررہی ہے جس کااظہار اُس نے 1998ء میں کیاتھا۔
انہوں نے کہاکہ آج سے انیس سال پہلے ہم نے جس طرح ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیربنادیاتھا اسی جوش وجذبے کے ساتھ ہم ملکی معیشت کو بھی مضبوط اور مستحکم بنارہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ قومی معیشت ایٹمی دھماکے کی طرح تیزرفتاری کے ساتھ ترقی کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری مختلف منصوبوں کامجموعہ ہے جس سے خوشحالی کے ایک نئے دور کاآغاز ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کااقتصادی استحکام علاقائی خوشحالی کی بھی علامت ہے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ نہ صرف جنوبی ایشیائی بلکہ دوسرے ممالک بھی خطے میں ترقی وخوشحالی کیلئے ملکر کام کریں۔
نوازشریف نے کہاکہ یوم تکبیر دشمنوں کیلئے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کی صورت میں انہیں منہ کی کھاناپڑے گی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے جنوبی ایشیاء میں طاقت کاتوازن قائم ہواہے۔