پلوامہ، شہید نوجوانوں کی نمازِ جنازہ میں ایک لاکھ افراد کی شرکت
27 مارچ 2017 (22:05)
0

مقبوضہ کشمیر میں تقریباً ایک لاکھ افراد نے پیر کے روز پلوامہ میں دو شہیدنوجوانوںرئیس کاچرو اور فاروق احمدہرہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔
دونوں نوجوانوں کو بھارتی فوجیوںنے گزشتہ روز پلوامہ کے علاقے پدم پورہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہیدکردیاتھا۔
بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی کی وجہ سے شہداء کی نماز جنازہ چار بار ادا کی گئی ۔لوگ شہداء کا آخری دیدار کرنے کیلئے وہاں آئے تھے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر سے جنازے کے شرکاء سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری نوجوانوں کی قربانیوں کی بدولت کشمیرمیں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔
ادھر نوجوانوںکی شہادت پر شوپیاں اور پلوامہ کے اضلاع میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ دونوں اضلاع کے تمام چھوٹے اور بڑے قصبوں میںتمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے ۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارتی حکام نے آئندہ بھارتی ضمنی انتخابات میں لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے مقبوضہ وادی کے کونے کونے میں ڈر اور خوف کا ماحول پیدا کررکھا ہے۔