دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ دفاعی کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق۔

27 مارچ 2017 (18:06)
0

پاکستان اور جنوبی افریقہ نے دفاع اور دفاعی صنعتی تعاون کے بارے میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔

مفاہمت کی اس یادداشت پر دستخط پیر کے روزاسلام آباد میں جنوبی افریقہ کی وزیر دفاع نوسیوی ماپیسا کےدورے کے موقع پر کئے گئے۔
دونوں ملکوں نے دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ کیلئے ایک مشترکہ دفاعی کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔
مفاہمت کی یادداشت میں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کی تربیت ، دفاعی سامان کے حصول اور مشترکہ منصوبوں میں تعاون پر زور دیا گیا ہے۔
اس سے پہلے راولپنڈی میں جنوبی افریقہ کے وفد نے دفاعی پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین سے بھی ملاقات کی اور دفاعی پیداوار اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔


اس موقع پر رانا تنویر حسین نے وفد کو بتایا کہ عالمی منڈی میں جے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشاق طیاروں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے اور جنوبی افریقہ بھی پاکستان کی دفاعی صنعت سے استفادہ کرسکتا ہے۔
جنوبی افریقہ کی وزیر دفاع نے دفاعی پیداوار میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔