نوازشریف نے کہا کہ حکومتی کوششوں کی بدولت پاکستان میں تبدیلی آرہی ہے۔

وزیر اعظم کاملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم
27 مارچ 2017 (17:51)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کررکھا ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن کوشش کی جاری ہے۔
وہ حیدرآباد میں پاکستان مسلم لیگ نون کے کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی کوششوں کی بدولت پاکستان میں تبدیلی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور کراچی ، بلوچستان اور ملک کے دوسرے حصوں میں امن بحال ہوگیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے ملک میں ترقی اورخوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس بڑے منصوبے سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے عام آدمی کی بہتری کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو صحت عامہ کی جدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہیلتھ کارڈ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر قابو پالیا گیا ہے اور حکومت نے مستقبل میں بجلی کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مختلف منصوبے بھی شروع کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہائی ویز اور موٹر ویز سے لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے حیدرآباد کیلئے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں وزیراعظم کا ہیلتھ کارڈ پروگرام جلد شروع کیا جائے گا جس کا مقصد ضلع کے غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی مدد کرنا ہے۔