مقبوضہ کشمیر :بھارتی حکام نے ووٹ کیلئے لوگوں کوزبردستی گھروں سے نکالنے کی غرض سے فوج اور پیراملٹری فورسزکے اہلکار تعینات کردیئے
27 مارچ 2017 (15:37)
0

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکام نے اگلے ماہ ہونے والے بھارت کی پارلیمنٹ کے نام نہاد ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کے روز لوگوں کو ووٹ ڈالنے کیلئے زبردستی گھروں سے نکالنے کی غرض سے فوج اور پیراملٹری فورسزکے اہلکار تعینات کئے ہیں۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی حکام مقبوضہ کشمیر میں خوف وہراس کا ماحول پیدا کررہے ہیں تاکہ سری نگر اوراسلام آباد کے اضلاع میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں لوگوں کی شرکت یقینی بنائی جاسکے۔اے پی ایچ سی نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ انتخابات کے تناظر میں تمام مزاحمتی رہنمائوں کو گرفتار یا انہیں نظر بند کردیاگیا ہے۔

ادھر بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو نوجوانو ں کی شہادت کے واقعہ کے خلاف احتجاجاً آج شوپیاں اورپلواما کے اضلاع میں مکمل ہڑتال رہی۔
بھارتی فوجیوں نے دو نوجوانوں کو جن کی شناخت رئیس احمد اور فاروق احمد کے نام سے ہوئی ہے اس وقت شہید کردیا تھا جب وہ بڈگام پورہ کے قریب ایک گاڑی میں جارہے تھے۔تمام بڑے و چھوٹے قصبوں میں تمام دکانیں ، کاروباری مراکز ،دفاتر اور پٹرول پمپ بھی بندرہے۔