چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ باہمی روابط کے ذریعے خطے کے دوسرے ملکوں میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔

اقتصادی راہداری نے پاکستان اور چین کے درمیان طویل المدتی تعاون کیلئے پلیٹ فارم مہیا کیا ہے: جینگ شوانگ
27 جون 2017 (15:08)
0

چین پاکستان اقتصادی راہداری نے پاکستان اور چین کے درمیان طویل المدتی تعاون کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔یہ بات چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے بیجنگ میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ راہداری سے نہ صرف دونوں ملکوں کی مشترکہ شرح نمو فروغ پائے گی بلکہ باہمی روابط کے ذریعے خطے کے دوسرے ملکوں میں ترقی اور خوشحالی بھی آئے گی۔
ترجمان نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ توکسی تیسرے فریق کیلئے کوئی ہدایت ہے اور نہ ہی علاقائی خودمختاری کے کسی تنازعے سے اس کا کوئی تعلق ہے۔چینی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان اورافغانستان کاحوالہ دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے ساتھ خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کیلئے ایک طریقہ کار وضع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
جینگ شوانگ   نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے رہنمائوں کے ساتھ بے تکلف اور جامع مشاورت کی اور اتفاق رائے کے ساتھ پانچ نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔