File Photo

پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات چین کے بہترین مفاد میں ہے:چینی نمائندہ
27 جون 2017 (06:37)
0

افغانستان کے امور کے بارے میں چین کے خصوصی نمائندےDengxijun نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام چین کے بہترین مفاد میں ہے۔

بیجنگ میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے اچھے دوست اور ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کے اہم شراکت دار ہونے کی حیثیت سے ان دونوں ملکوں میں امن و استحکام نہ ہونے کے باعث چین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
چین کے نمائندے نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کا اہم ستون ہے جو پاکستان کی تقدیر بدل دے گا جبکہ افغانستان نے ایک خطہ ایک سڑک منصوبے میں شرکت کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلقات میں بہتری سے پاکستان اور افغانستان دونوں میں امن اور استحکام آئے گا جس سے چین کو سازگار ماحول فراہم ہوگا۔
پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں کی انسداد دہشت گردی کے لئے کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے یقین دلایا ہے کہ چین کیلئے براہ راست خطرے کا باعث بننے والے عناصر کو دونوں ملکوں کا دشمن تصور کیا جائے گا۔
کابل اور اسلام آباد کادورہ کرنے والے چینی وزیر خارجہ کی پس پردہ سفارتکاری کے بارے میں خصوصی نمائندے نے کہا کہ چین کی خارجہ پالیسی بالکل واضح ہے اورجب تک ہمارے دوست مشکل صورتحال کا سامنا کرنے پر ہم سے اس کے حل کیلئے مدد طلب نہیں کرتے اس وقت تک ہم کسی کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے اور نہ ہی اُن پر اپنی مرضی مسلط کرتے ہیں۔