قوم کے بلند حوصلے سے حکومت دہشتگردی کا خاتمہ کر دے گی:نثار
27 جون 2016 (21:47)
0

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پھر کہا ہے کہ قوم کے بلند حوصلے سے حکومت دہشت گردی کا خاتمہ کر دے گی۔ 

پیر کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ معروف قوال امجد صابری پر حملے اور سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے بیٹے کے اغواء سے دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوئی ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ قوم کو گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ دہشت گرد فرار ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کے باعث کراچی میں بھتہ خوری ، دہشت گردی ،قتل اور اغواء برائے تاوان کے واقعات کم ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک حصوصاً کراچی میں امن بحال کرنے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سکیورٹی اداروں نے امجد صابری کے قتل اور چیف جسٹس کے بیٹے کے اغواء کو ایک چیلنج کے طور پر لیا ہے وہ جلد مجرموں تک پہنچ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس میں فوج کے سابق دوہزار اہلکاروں کو بھرتی کیا جائیگا ۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے پولیس کو ہلکے ہتھیار فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے ۔
انہوں نے کہا فوج پولیس فورس کو تربیت بھی فراہم کریگی۔
انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کے مخالف عناصر سے نمٹنے کیلئے خصوصی قوانین بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد سیف سٹی پروجیکٹ کی طرز پر کراچی سیف سٹی پروجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے پاکستانی پولیس کو اقوام متحدہ کے امن مشنز پر بیرون ملک بھجوانے کا بھی اعلان کیا ۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عالمی ادارے کو باضابطہ طورپر مراسلہ بھجوایا جائے گا۔