File Photo

نیشنل ہائی وے اتھارٹی اقتصادی راہداری پر تیزی سے کام کررہی ہے
27 جون 2016 (20:02)
0

نیشنل ہائی وے اتھارٹی پاک چین اقتصادی راہداری کے سفری روٹ پرشاہراہوں کی جلد تکمیل پر تیزی سے کام کررہی ہے ۔

یہ بات ادارے کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑ نے پیر کے روز اسلام آباد میں مواصلات کے بارے میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے اقتصادی راہداری ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان سیکشن کی مثال دی جس کیلئے آئندہ مالی سال کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام میں بائیس ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔
شاہد تارڑ نے کمیٹی کو بتایا کہ اقتصادی راہداری میں جلد مکمل ہونے والے منصوبے ، قلیل ، درمیانی اور طویل مدتی منصوبوں سمیت چار قسم کے منصوبے شامل ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ جلد مکمل ہونے والے منصوبوں میں موٹر وے کے تھاکوٹ حویلیاں اور ملتان سکھر سکیشن شامل ہیں جنھیں فنڈنگ کیلئے چین نے منتخب کیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ چین نے 46 ارب ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جن میں سے پینتیس ارب ڈالر بجلی کے منصوبوں پرساڑھے تین ارب ڈالر ریل کے رابطے اور کچھ رقم گوادر میں ہوائی اڈے کی ترقی پرخرچ کی جائے گی ۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ مغربی روٹ پشاور اسلام آباد موٹر وے پربرہان سے شروع ہوکر گوادر پورٹ پرختم ہوگا انہوں نے کہاکہ نیپاک ایشیائی ترقیاتی بینک اقتصادی راہداری کے ڈیرہ اسماعیل خان ژوب سیکشن کی اپ گریڈیشن کے قابل عمل ہونے کی جائزہ رپورٹ مکمل کررہے ہیں ۔