مشیر خارجہ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی رکنیت خارجہ پالیسی کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

چین ،پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر عملدر آمد یقینی بنائینگے:سرتاج
27 جون 2016 (14:44)
0

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔پیر کے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوںنے کہا پاکستان نے چین اور وسط ایشیائی ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط بنائے ہیں۔مشیر خارجہ نے کہا کہ چین دنیا میں ایک بڑی معاشی طاقت کے طور پر ابھررہا ہے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی رکنیت خارجہ پالیسی کی ایک بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ پرامن ہمسائیگی وزیراعظم نواز شریف کا وژن ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان میں امن موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سے ایک ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں عدم مداخلت کی پالیسی پر کار بند ہے۔
سرتاج عزیز نے کہا سرحد پر غیر قانونی نقل و حرکت روکنے کیلئے افغانستان کے ساتھ سرحدی انتظام کومستحکم بنایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ اب افغان باشندوں کو مستند دستاویزات کے بغیر پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے مسائل خوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے ایک طریقہ کار وضع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔انہوںنے کہا موجودہ حکومت دہشت گردی کے خلاف ایک جامع پالیسی وضع کی ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور آپریشن ضرب عضب سے دنیا میں پاکستان کا تشخص بہتر ہوا ہے۔
انہوں نے ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ خارجہ پالیسی اجاگر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ایک سوال پر مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے ایجنڈے میں کشمیر کا مسئلہ سرفہرست ہوگا۔