پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری کا اعتراف کیاہے ۔

پاکستان کاترقی اور خوشحالی کا سفر درست سمت گامزن ہے: شہبازشریف
27 جون 2016 (13:17)
0

پنجاب کے وزیر اعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان کاترقی اور خوشحالی کا سفر درست سمت گامزن ہے ۔وہ آج لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے باتیں کررہے تھے ۔
انہوں نے کہاکہ عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری کا اعتراف کیاہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عام آدمی کو سہولتیں فراہم کررہی ہے ۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے منتخب عوامی نمائندوں سے کہاکہ وہ اپنی تمام توانائیاں عوام کے مسائل کے حل پر صرف کریں ۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ افزائش حیوانات اور ڈیری فارمنگ معیشت کے استحکام میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔وہ لاہو ر میں افزائش حیوانات اور ڈیری فارمنگ کی ترقی کیلئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی صدار ت کررہے تھے۔
شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب میں آبادی کی اکثریت افزائش حیوانات کے شعبہ سے منسلک ہے اور اس شعبہ کی ترقی سے انہیں خودکفیل بنانے کا ہدف حاصل کیا جاسکتاہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت افزائش حیوانات اور ڈیری فارمنگ کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔