بری فوج کے سربراہ نے کہاہے کہ جاری آپریشن سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

دہشت گردوں اور سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ ہرقیمت پر ختم کیا جائیگا:آرمی چیف
27 جون 2016 (10:57)
0

بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں ان کے سہولت کاروں اورمالی معاونت فراہم کرنے والوں کا گٹھ جوڑ ہرقیمت پر ختم کیا جائے گااور جاری آپریشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے یہ بات کراچی میں کورہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر کہی۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ' قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ' گورنرعشرت العباد' وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ 'وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال' آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل اور کور کمانڈرنے اجلاس میں شرکت کی۔
شرکاء کو سیکورٹی کی صورتحال اور دہشت گردوں' جرائم پیشہ عناصر اور ان کے درمیان رابطوں کے خلاف جاری آپریشن کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ دی گئی۔بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ جاری آپریشن سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن اب حتمی مرحلے میںداخل ہوچکا ہے جہاں دہشت گرد اور ان کے ساتھی تنہا ہوچکے ہیں ۔
جنرل راحیل شریف نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کریں اور ان کے مکروہ عزائم کو پیشگی ناکام بنانے کے لئے اقدامات کریں۔انہوں نے تمام شراکت داروں پرزور دیا کہ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے مجموعی قومی سوچ کے ساتھ تمام شعبوں میں مخلصانہ کوششیں کی جائیں۔انہوں نے سیکورٹی انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام کمانڈوروں سے کہا کہ وہ ملکر کام جاری رکھیں اور کراچی میں مکمل امن کی بحالی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔