سیستان بلوچستان کے ڈپٹی گورنر نے کہاکہ دہشت گرد اور شرپسند عناصر دونوں ملکوں کے دشمن ہیں۔

پاک ایران مشترکہ سرحدی کمیشن کا اجلاس،دہشتگردوں کیخلاف حکمت عملی وضع کرنے پر تبادلہ خیال
27 جنوری 2016 (17:30)
0

پاکستان اور ایران کے مشترکہ سرحدی کمیشن کا دو روزہ اجلاس آج کوئٹہ میں ہوا جس میں دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اجلاس میں منشیات کے اسمگلرز کے خلاف کارروائی، ایران سے پاکستانی علاقوں کوبجلی کی فراہمی، نگرانی کے برقی نظام اور تجارت کے بارے میں معاملات پر بھی غورکیاگیا۔  بلوچستان کے چیف سیکرٹری سیف اﷲ چٹھہ نے اس موقع پر کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان ایسے اجلاس غیرمعمولی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی اور اسمگلنگ کے خلاف تمام ممکنہ اقدامات کررہا ہے انہوں نے اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان خفیہ معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر زوردیا۔

سیستان بلوچستان کے ڈپٹی گورنر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد اور شرپسند عناصر دونوں ملکوں کے دشمن ہیں۔  انہوں نے کہاکہ ہم اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیںگے۔