کشمیر کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اپنے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔

کشمیر کا مسئلہ امن اور خوشحالی کیلئے خطرہ ہے:فضل الرحمان
27 جنوری 2016 (14:25)
0

کشمیر کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ جنوبی ایشیاء کے خطے کے امن اور خوشحالی کیلئے خطرہ ہے۔

اے پی پی سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کو اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود اس دیرینہ تنازعے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ہمیشہ حمایت کی ہے کیونکہ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اپنے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ بھارتی فوج کی طرف سے مقبوصہ کشمیر میں طاقت کے وحشیانہ استعمال اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کشمیریوں کی اپنے منصفانہ حق کے حصول کی جدوجہد کو دبا نہیں سکتیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستانی قوم پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے نصب العین کیلئے آواز اٹھانے کی خاطر کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے۔