ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں اپنی تقاریر میں کشمیر کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے۔

27 جنوری 2016 (14:32)
0

امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے بارے میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوا۔ کمیٹی کے چیئرمین ساجد میر نے اجلاس کی صدارت کی۔

جنوبی ایشیاء کے خارجہ امور کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنی بریفنگ میں کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں اپنی تقاریر میں کشمیر کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے اور جنوبی ایشیاء میں امن کیلئے اس مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت نے ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے موقع پر کشمیر سمیت تمام دیرینہ مسائل کے حل کیلئے دوطرفہ جامع مذاکرات پر اتفاق کیا۔

امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر برجیس طاہر نے کہا کہ پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر جوش وجذبے سے منایا جائے گا۔

سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے نئی نسل میں کشمیر کے مسئلے اور اس مسئلے پر پاکستان کے موقف کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری اور کمیٹی کے دوسرے ارکان نے بھی شرکت کی۔