file photo

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے کیلئے مدد کرے: میر واعظ
27 فروری 2017 (19:27)
0

مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے جاپان اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرانے میں مدد دیں۔
انہوں نے یہ بات سرینگر سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ٹوکیو میں جاپانی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
میرواعظ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں استحکام ، اقتصادی ترقی اور پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا۔
ادھر مشترکہ حریت قیادت نے بدھ سے آئندہ پندرہ روز کیلئے نیا احتجاجی کیلنڈر جاری کیا ہے۔
آج سرینگر کے لال چوک میں زبردست بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں حریت رہنمائوں اور کارکنوںکے خلاف بھارتی سازشوں کی مذمت کی گئی۔حریت رہنمائوں نے مقبوضہ علاقے میں ذرائع ابلاغ، مساجد اور مدارس پر کنٹرول حاصل کرنے کی بھارتی سازش کے حوالے سے رپورٹس پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس کا مقصد کشمیری مسلمانوں کو فرقے، زبان اور رنگ و نسل کی بنیاد پر تقسیم کرنا ہے۔احتجاجی کیلنڈر کے تحت بدھ کو کشمیرہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن پر امن احتجاج کریگی جبکہ جمعرات کوبے گناہ کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر یوم مزاحمت منایا جائیگا ۔