ترجمان دفتر خارجہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رہنما تنظیم کی ترقی کے طریقوں پر غور کریں گے۔

ای سی او ارکان علاقائی روابط کے فروغ کا مشترکہ عزم رکھتے ہیں،زکریا
27 فروری 2017 (19:19)
0

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک علاقائی روابط کے فروغ کا مشترکہ عزم رکھتے ہیں جو بدھ کو ہونے والے تیرہویں سربراہ اجلاس کا موضوع ہے۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رہنما تنظیم کی ترقی کے طریقوں پر غور کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ رکن ممالک کے اعلیٰ حکام ای سی او ویژن 2025 ء اسلام آباد اعلامیے اوربعض دوسرے انتظامی امور پر غور کررہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری بھی علاقائی روابط سے متعلق ہے اس لئے یہ منصوبہ بھی کانفرنس میں زیر غور آئے گا۔
ترجمان نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان تین اہم خطوں کے سنگم پر واقع ہے اور یہ تجارتی راہداری اور توانائی راہداری کا اہم کردار بھی ادا کر سکتا ہے۔
ادھر تنظیم کے رکن ممالک کے اعلیٰ حکام نے وزارتی کونسل کے اجلاس کی تجاویز پر بحث جاری رکھی جو کل ہوگا۔