اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے تیرہویں سربراہ اجلاس کا اسلام آباد اعلامیہ تیار کرلیا گیا ہے

 ای سی او سربراہ اجلاس،تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائیگی،سیکرٹری خارجہ
27 فروری 2017 (19:05)
0

سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے تیرہویں سربراہ اجلاس کا اسلام آباد اعلامیہ تیار کرلیا گیا ہے جس میں رکن ملکوں کے درمیان روابط پر توجہ دی گئی ہے۔
انہوں نے پیر کی شام اسلام آباد میں تنظیم کے رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کے دو روزہ اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعلامیہ بدھ کو سربراہان مملکت وحکومت کے اجلاس کے موقع پر منظور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سینئر حکام کے اجلاس کی سفارشات کل اسلام آباد میں ای سی او ممالک کے وزارتی اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سربراہ اجلاس کی اہم ترجیحات میں علاقائی ممالک کے درمیان توانائی ، بنیادی ڈھانچے ، ٹرانسپورٹ اور تجارت میں تعاون شامل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بدھ کو اجلاس میں پانچ سربراہان مملکت ، تین وزرائے اعظم اور نائب وزرائے اعظم اور ایک خصوصی نمائندہ شرکت کرے گا۔