اس سلسلے میں پیر کے روز ایوان صدر اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب ہوئی جس میں صدر ممنون حسین مہمان خصوصی تھے

پاکستان کے بلڈنگ کوڈز میں آگ سے بچا ئو کی شق شامل
27 فروری 2017 (16:29)
0

پاکستان بلڈنگ کوڈز میں آگ سے بچا ئوسے متعلق شقوں کو شامل کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پیر کے روز ایوان صدر اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب ہوئی جس میں صدر پاکستان ممنون حسین مہمان خصوصی تھے۔ آگ سے بچا ئوکے یہ ضابطے جامع انداز میں بین الاقوامی معیار اور پاکستان کے ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں ۔
یہ ضابطے آگ سے بچا ئوکے لیے واضح اور مثبت انداز میں راہنمائی مہیا کریں گے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے ان ضابطوں پر موئژ انداز میں عمل درآمد کے ذریعے آگ سے متعلقہ حادثات کے خطرات کو کم کرتے ہوئے عوا م کی جان و مال کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی ۔ آگ سے بچائو کے ضابطوں کی تیاری ایک اہم کامیابی ہے جو کہ آفا ت سے محفوظ پاکستان کی تعمیر کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا ۔
آگ سے بچا ئوکے ضابطوں کو بلڈنگ کوڈز کا حصہ بنانے میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے کلیدی کردار ادا کیا اور اس سلسلے میں جامع ضابطے مرتب کرنے کے لیے این ڈی ایم اے نے اکتوبر 2015میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ساتھ ایک یاداشت کی دستاویز پر دستخظ کیئے ۔ ضابطوں کی تیاری کے تمام عمل کے لیے فنڈنگ کا انتظا م بھی این ڈی ایم اے کی جانب سے کیا گیا ۔ تیاری کے لیے اعلی سطحی پیشہ وارانہ ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ تیاری کے بعد پاکستان انجینئرنگ کونسل کے گورننگ بورڈ نے باقاعدہ منظوری دی اور بعد ازاں وزارت برائے قانون و انصاف سے بھی ضابطوں کی توثیق حاصل کی گئی ۔
پاکستان میں بلڈنگ کوڈز 1986 میں مرتب ہوئے جن میں بعد ازاں 2007 میں ترمیم کی گئی ۔ بلڈنگ کوڈز میں آگ سے بچائو کے متعلق شق شامل نہ ہونے کی وجہ سے تمام سرکاری و نجی عمارات میںآگ سے بچائو کاموثر نظام موجود نہیں لہٰذا اس سلسلے میں عارضی ا نتظامات کے تحت چلایا جاتا رہا ۔ آگ سے بچا ئوکے ضابطوں کوبلڈنگ کوڈز میں شامل کرنے سے ان مسائل کا حل ممکن ہو گا اور آفات کے خطرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی ۔
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین ، چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل اصغر نواز اور چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر جواد سلیم قریشی نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کیا جس کے بعد چیئرمین این ڈی ایم اے اور چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل نے آگ سے بچا ئوکے ضابطے کتابی شکل میں صدر مملکت کو پیش کئے۔ تقریب کے اختتام پر صدر پاکستان نے ضابطوں کی تیاری پر ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد سے نوازا۔