دفتر خارجہ کے ترجمان کہا ہے کہ اعلیٰ حکام کے اجلاس میں ای سی او ویژن 2025 اسلام آباد اعلامیے اوربعض دوسرے انتظامی امور پر غورکررہے ہیں۔

ای سی او کانفرنس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری پربھی غورہوگا: نفیس ذکریا
27 فروری 2017 (15:34)
0

اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے اعلیٰ حکام آج اسلام آباد میں اپنے اجلاس کے دوسرے روز ان سفارشات کو حتمی شکل دے رہے ہیں جنہیں کل وزارتی کونسل کے اجلاس میں زیر غور لایا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ حکام ای سی او ویژن 2025 اسلام آباد اعلامیے اوربعض دوسرے انتظامی امور پر غورکررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارتی کونسل کے غور و خوض کے بعد یہ سفارشات سربراہ اجلاس کا ایجنڈا ہوں گی جو بدھ کواسلام آباد میں ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رہنما تنظیم کی ترقی کے طریقوں پر غور کریں گے ، انہوںنے کہا کہ تمام رکن ملک علاقائی روابط کے لئے مشترکہ عزم رکھتے ہیں جو تنظیم کے 13 ویںسربراہ اجلاس کا موضوع ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری بھی علاقائی روابط سے متعلق ہے اس لئے یہ منصوبہ بھی کانفرنس میں زیر غور آئے گا۔
ایک اور سوال پر ترجمان نے کہاکہ پاکستان تین اہم خطوں کے سنگھم پر واقع ہے اور وہ تجارت کیلئے گزرگاہ اور توانائی راہداری کے طورپر کردار ادا کرسکتا ہے۔