منصوبہ بندی کے وزیرنے کہا کہ سازگار ماحولیاتی نظام اہم عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا مرکز بن گیا ہے

اقتصادی راہداری نے پاکستان کے بارے میں عالمی تاثر کو اگلی اُبھرتی ہوئی معیشت سے تبدیل کر دیا :احسن اقبال
27 اپریل 2017 (17:17)
0

منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے موقع سے استفادہ کرنے کے لئے خود کو تیار کریں۔
انہوں نے آج اسلام آباد کی فاسٹ یونیورسٹی میں''چین پاکستان اقتصادی راہداری، خواب اور حقیقت'' کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں سے کہا کہ وہ ویلیوایڈیشن کے ذریعے معیشت کو ایک جدید صنعتی خطوط پر استوار کرنے میں تعمیری کردار اداکریں۔
احسن اقبال نے کہا کہ اقتصادی راہداری مجموعی ترقی کا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ہمارے نوجوانوں کے لئے روزگار کے 85 ہزار مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
منصوبہ بندی کے وزیر نے کہا کہ پاکستان نے اقتصادی ترقی کی پانچ فیصد شرح حاصل کرلی ہے اور اب وہ سیاسی استحکام کے حامل سماجی و اقتصادی ماحولیاتی نظام کو سازگار بناسکتاہے۔
انہوں نے کہا کہ سازگار ماحولیاتی نظام اہم عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا مرکز بن گیا ہے جو اب پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے مواقع کی منڈی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ اقتصادی راہداری نے پاکستان کے بارے میں عالمی تاثر کو اگلی اُبھرتی ہوئی معیشت سے تبدیل کر دیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے توانائی منصوبوں سے دس ہزار میگاواٹ بجلی پیداہوگی جواگلے سال تک قومی گرڈ میں شامل ہو جائے گی۔
جمعرات کو اسلام آباد میں حکومت کی اقتصادی کارکردگی سے متعلق صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے منصوبہ بندی کے وزیر نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں پانچ سو ارب روپے سے زائد کی بچت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں بچت، معیار قائم رکھنے اور شفافیت کی پالیسی پر عمل کررہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جانچ پڑتال اور نگرانی کا عمل بہتر بنایا ہے۔