نفیس زکریا نے کہا کہ ٹی ٹی پی سابق ترجمان کے انکشافات اور کلبھوشن کا اعترافی بیان بھارت کیخلاف ناقابل تردید ثبوت ہیں۔

File photo

 بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت،سرپرستی سے بے نقاب ہوگیا،دفتر خارجہ
27 اپریل 2017 (13:49)
0

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت اور ریاستی سرپرستی کرنے کے حوالے سے مکمل طور پر بے نقاب ہو گیا ہے۔

جمعرات کے روز اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان کے انکشافات اور را کے کارندے کلبھوشن یادیو کا اعترافی بیان بھارت کے خلاف ناقابل تردید ثبوت ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کیلئے نہ صرف پاکستان میں جاسوس بھیج رہا ہے بلکہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے افغان سرزمین بھی استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احسان اﷲ احسان نے اپنے انکشافات میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ جماعت الاحرار پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے بھارت کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔
نفیس ذکریا نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کی تخریبی اور دہشتگردی کی سرگرمیوں کا نوٹس لینا چاہئیے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور سماجی ذرائع ابلاگ پر پابندی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ بھارت کو مقبوضہ وادی کے بے گناہ عوام پر ظلم وستم سے روکے۔