غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقہ ایک کھلی جیل اور فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں دہائیوں پرانے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے میں ناکامی اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے پربھارتی حکومت کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مقبوضہ علاقے کے ساتھ ایک نوآبادیاتی کالونی جیسا سلوک کیا جا رہا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔
ادھربھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
کارروائیوں کے دوران مکینوں کو ہراساں کیاگیا اوراہم دستاویزات اورڈیجیٹل آلات ضبط کئے گئے۔
دوسری جانب سرینگر جموں اور راجوری شاہراہوں پر پابندیاں مزید سخت کر دی گئیں جس سے عام لوگوں کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔