وزیراعظم شہبازشریف نے امریکی بینکوں کو پاکستان میں بنیادی ڈھانچے، توانائی، ٹیکنالوجی اور زراعت سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے یہ بات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اناسی ویں اجلاس کے موقع پر ممتاز پاکستانی نژاد امریکی بینکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے وفد کو معیشت مستحکم کرنے اور پاکستان کیلئے غیرملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے اپنی حکومت کے اہم اقدامات کے بارے میں بتایا جن میں ٹیکس کے دائرہ کار کو توسیع دینا، کاروبارمیں آسانی اور ریاستی ملکیتی اداروں میں جاری اصلاحات شامل ہیں۔
انہوں نے وفد کو پائیدار مالیاتی لائحہ عمل کے قیام کے بارے میں بھی بتایا جس کے ذریعے حکومت کو سرمائے کی بین الاقوامی منڈیوں میں گرین اور پائیدار بانڈ کے اجراء کے عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
وفد نے حکومت کی پالیسیوں کوسراہا جو پاکستان میں بڑے پیمانے پر معاشی استحکام کے حصول میں سود مند ثابت ہوئی ہیں۔
وفد نے مصنوعات سازی کے شعبے خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی ترقی کیلئے حکومت سے تعاون کرنے میں گہری دلچسپی ظاہرکی۔