Thursday, 02 April 2020, 10:38:05 am
او آئی سی کی بھارت میں مسلمانوں کیخلاف منظم تشدد کی شدید مذمت
February 27, 2020

اسلامی تعاون تنظیم نے بھارت کے مختلف حصوں خصوصا نئی دلی میں مسلمانوں کے خلاف منظم تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔تنظیم کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن نے ایک بیان میں نئی دلی میں حالیہ پرتشدد واقعات کی لہر پر افسوس ظاہر کیا جہاں انتہا پسند ہندوئوں نے مسلمانوں کے گھروں مساجد، اور کاروباری مراکز پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کئی افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔کمیشن نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ حالیہ پرتشدد واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل انسانی حقوق حاصل ہوں۔کمیشن نے بھارتی حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ مسلمان آبادی کا تحفظ اور سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے انسانی حقوق کے عالمی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔