وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بہت قربانیوں کے بعد امن حاصل ہوا ہے اور کسی کو بھی ملک میں امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میںصوبے میں امن وامان کی صورتحال پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے ملک میں امن کے قیام کیلئے فرنٹ لائن کردار ادا کیا اور پوری قوم اپنے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کا احترام کرتی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ حکومت صوبے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور تمام ضروری وسائل اسے فراہم کئے جائیںگے۔