ایوان ہائے صنعت و تجارت کی فیڈریشن کے صدر زبیر طفیل نے وفاقی بجٹ کو انتہائی متوازن قراردیا ۔

مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا وفاقی بجٹ کا خیر مقدم
26 مئی 2017 (22:39)
0

زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے مالی سال دوہزارسترہ۔اٹھارہ کے وفاقی بجٹ کاخیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک متوازن بجٹ قرار دیا ہے جس میں معاشرے کے تمام طبقات کاخیال رکھا گیاہے۔
صنعت وتجارت کے ایوانوں کی فیڈریشن کے صدر زبیرطفیل نے حکومت کے اس فیصلے کو سراہا کہ نئے بجٹ میں کوئی اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا گیا ہے۔
ایوان صنعت وتجارت لاہور نے بھی نئے وفاقی بجٹ کاخیرمقدم کیا اور اسے اقتصادی بحالی، توانائی کے بحران کے حل، سرمایہ کاری کے فروغ اور زرعی شعبے کی ترقی کاایجنڈا قرار دیا۔
ایوان صنعت وتجارت لاہور کے صدر عبدالباسط نے کہاکہ پانی اور بجلی کے شعبوں میں مختص فنڈز میںا ضافے سے توانائی کے بحران سے چھٹکارا پانے میں مدد ملے گی۔
ایوان صنعت وتجارت لاہور کے ارکان نے کہاکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے مختص فنڈز سے بیرونی سرمایہ کاری کو ترغیب ملے گی۔
انہوں نے زراعت، پولٹری،ٹیکسٹائل کے شعبوں اور انسانی وسائل کی ترقی کیلئے کئے گئے سازگاراقدامات کاخیرمقدم کیا۔
کراچی کے تجارتی اورصنعتی طبقے کے رہنمائوں نے نئے بجٹ کو کاروباردوست بجٹ قرار دیا۔
ممتازصنعتکار سراج قاسم Telee نے کہاکہ بجٹ میں اعلان کردہ ریلیف اقدامات برآمدی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔
ممتازتاجر زبیرموتی والا نے کہاکہ نئے بجٹ میں عام آدمی پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔
سندھ کے ا یوان زراعت کے صدر ڈاکٹرندیم قمر نے کہاکہ زرعی شعبے کیلئے تجویز کردہ مراعات سے فی ایکڑپیداوار میں اضافے میں مددملے گی اور کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافے پردو رس اثرات مرتب ہونگے۔