مقبوضہ کشمیر:بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طورپر منایا گیا
26 جنوری 2016 (12:14)
0

بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طورپر منانے کیلئے آج مقبوضہ کشمیر میں بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔

تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر آمدورفت نہیں ہے۔ سری نگر ، بارہ مولا ، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں بھارتی فوج کی بھاری تعیناتی کے باوجود لوگوں نے اپنے بھارت مخالف جذبات کے اظہار کیلئے چھتوں پر سیاہ پرچم لہرائے۔

بخشی اسٹیڈیم کے ارد گرد سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جو کہ سری نگرمیں سرکاری تقریب کا اہم مقام ہے۔ فورسز نے گاڑیوں اورپیدل چلنے والے افراد کی آمدورفت بند کرکے سٹیڈیم کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے معصوم کشمیری عوام کو ہراساں اورقید کرنے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر کو پولیس سٹیٹ میں تبدیل کردیا ہے ۔
سری نگر سے جاری ایک بیان میں حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ قابض حکام نے یوم سیاہ کے موقع پر بھارتی فورسز کوکھلی چھٹی دے رکھی تھی جو مختلف علاقوں میں شہریوں پرتشدد کررہے تھے ۔
ادھر حریت کانفرنس کے رہنما عبدالعزیزڈار نے ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تلاشی مہم ، گرفتاریوں اور تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے جن سے بھارت کے نام نہاد جمہوریت کا حقیقی چہرہ عیاں ہوگیا ہے ۔