وزیراطلاعات نے کہاکہ تحریک انصاف نے چودہ بار مختلف بہانے کرکے کیس کوملتوی کرایا۔

پرویز رشید کا الیکشن کمیشن کے رویے پر تحفظات کااظہار
26 جنوری 2016 (20:35)
0

وزیراطلاعات پرویز رشید نے پاکستان تحریک انصاف کی مبینہ مالی بدعنوانی کے مقدمے میں الیکشن کمیشن کے رویے پر تحفظات کااظہارکیا ہے۔

انہوں نے منگل کی شام اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کے بانی رکن نے الیکشن کمیشن میں مقدمہ درج کرایا تھا جس میں بیرون ملک پارٹی فنڈز اکٹھے کرنے اور انھیں خرچ کرنے میں بے ضابطگیوں اور ان میں بدعنوانی کی نشاندہی کی گئی تھی۔
پرویزرشید نے کہاکہ تحریک انصاف نے چودہ بار مختلف بہانے کرکے کیس کوملتوی کرایا اور آخر پرکیس کو یہ کہہ کر ہائی کورٹ میں لے گئے کہ الیکشن کمیشن اس کی سماعت نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے وکیل کی دلیل انوکھی تھی کیونکہ وہ یہ اعتراض کمیشن میں کیس کی سماعت کے دوران بھی اٹھا سکتے تھے جو انہوں نے نہیں کیا ۔
پرویز رشید نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے ہائی کورٹ میں کمیشن کی طرف سے دلائل دینے اور کیس کا دفاع کرنے کے بجائے تحریک انصاف کے وکیل کے دلائل کی حمایت کی جو تشویش کا باعث ہے ۔
انہوں نے الیکشن کمیشن پر زوردیاکہ وہ کیس کی سماعت جاری رکھے اور جلد فیصلہ دے کیونکہ اس میں پہلے ہی بہت تاخیر ہوچکی ہے ۔