نوازشریف نے کہاہے کہ لیاری ایکسپریس وے کے دوسرے ٹریک پرکام اگلے ماہ شروع ہوجائے گا۔

کراچی آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا:وزیراعظم
26 فروری 2016 (15:13)
0

وزیراعظم نوازشریف نے اس عزم کااعادہ کیاہے کہ کراچی کوتمام جرائم پیشہ عناصرسے پاک کرنے کیلئے شہرمیں جاری آپریشن کومنطقی انجام تک پہنچایاجائے گا۔وہ آج کراچی میں گرین لائن بس ٹرانسپورٹ سسٹم کاسنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ،اغواء برائے تاوان اورتشددکے دوسرے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ صورتحال مسلسل بہترہورہی ہے جبکہ حکومت نے شہرمیں مکمل امن بحل کرنے کاپختہ عزم کررکھاہے۔

انہوں نے کہاکہ لیاری ایکسپریس وے کے دوسرے ٹریک پرکام اگلے ماہ شروع ہوجائے گااوراس منصوبے کے لئے دوارب روپے جاری کرنے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔نوازشریف نے کہاکہ پورے ملک میں موٹرویزکاجال بچھایاجارہاہے ۔کراچی کوپشاورسے ملانے کیلئے لاہورکراچی موٹروے پرکام جلد شروع ہوجائے گا۔انہوں نے اس اعتماد کااظہارکیاکہ اگلے چندسال میں پاکستان خطے میں شاہراؤں کے بہترین نیٹ ورک کے حامل ملک کے طورپرابھرے گا۔


وزیراعظم نے کہاکہ ملک کی توانائی کی ضرورتوں کوپوراکرنے کیلئے ملک وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پہلی بارتھرکول سے بجلی پیداکی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ موثرپالیسیوں کے باعث اقتصادی محاذپرملک بہتری کی جانب گامزن ہے۔گرین لائن بس ٹرانسپورٹ سسٹم کے بارے میں وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی حکومت نے اس منصوبے کیلئے سولہ ارب روپے فراہم کئے ہیں۔