پٹرولیم و قدرتی وسائل کے وزیر نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ پاکستان ایشیاء میں کم ترین نرخوں پر قطر سے ایل این جی درآمد کررہاہے۔

موجودہ دورحکومت میں تیل وگیس کے70 ذخائردریافت کئےگئےہیں:شاہدخاقان
26 فروری 2016 (12:28)
0

قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کے دور میں تیل وگیس کے ستر ذخائر دریافت کئے گئے ہیں۔پٹرولیم و قدرتی وسائل کے وزیرشاہدخاقان عباسی نےوقفہ سوالات کےدوران ایوان کو بتایا کہ حکومت نے تیل وگیس کی تلاش کی کوششیں تین گنا کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیاء میں کم ترین نرخوں پر قطر سے ایل این جی درآمد کر رہا ہے۔ قطر سے ایل این جی کی درآمد کے بعد صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ گیس فراہم کی جائے گی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان نے ایران کے خلاف پابندیاں اٹھا لی ہیں اور جیسے ہی عالمی سطح پر پابندیوں کے خاتمے کی صورتحال واضح ہوتی ہے تو پاک ایران گیس پائپ لائن پر کام شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان منصوبے پر پیش رفت کیلئے ایران کی حکومت اور متعلقہ ایرانی گیس کمپنی سے مسلسل رابطے میں ہے۔دفاع کے پارلیمانی سیکرٹری چوہدری جعفر اقبال نے ایوان کو بتایا کہ آپریشن ضرب عضب جاری ہے اور شمالی وزیرستان ایجنسی میں آخری مرحلے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کے اہداف حاصل کئے جا رہے ہیں۔

ماحولیاتی تبدیلی کے وزیر زاہد حامد نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان نے انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے مختلف کنونشنز پر دستخط کر رکھے ہیں اور اس سلسلے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارت نے سرکاری حکام اور عوام کی بہتر سمجھ بوجھ کیلئے ان کنونشنزکی دستاویزات کا ترجمے کا عمل شروع کررکھا ہے۔زاہد حامد نے کہا کہ حکومت نے عوام کو تیزی سے انصاف کی فراہمی کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔حکومت بدعنوانی کے مقدمات سے بارے میں ایک شفاف احتساب کمیشن کے قیام کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان احتساب کا نیا قانون لانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ایک سوال پر پٹرولیم کے وزیر شاہد خاقان عباسی نے ایوان کو بتایا کہ اوگرا کے تعاون سے گیس کے گھریلو کنکشنوں میں زیرالتواء درخواستیں نمٹانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔  خالدہ منصور اور دوسرے ارکان کے توجہ دلاؤ نوٹس پر داخلہ امور کی پارلیمانی سیکرٹری مریم اورنگ زیب نےایوان کوبتایاکہ اسلام آباد میں الرجی کے مریضوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے صحت کے قومی ادارے میں تمام آلات دستیاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے الرجی سے متاثر ہونے والے مریضوں کیلئے ایک آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔ورکرز ویلفئیر فنڈ سے نجی صنعت کے محنت کشوں کے بیس ہزار بچوں کی فیس کی عدم ادئیگی سے متعلق غلام سرور خان اور دوسرے ارکان کے ایک اور توجہ دلاؤ نوٹس پر بین الصوبائی رابطے کے پارلیمانی سیکرٹری محمد شفقت حیات خان نے بتایا کہ صحیح تعداد بیس ہزار نہیں بلکہ نو سوساٹھ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ورکرز ویلفئیر فنڈ کو موصول ہونے والی کچھ مشکوک درخواستوں کے باعث ایک کروڑ پچھتر لاکھ روپے کی ادائیگی زیر التواء ہے۔قومی اسمبلی نے آج اسلام آباد کیپٹل ٹریٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2015 اور قومی توانائی خودکفالت اور بچت کے بل 2015 کی بھی منظوری دی۔