وقفہ سوالات کے دوران پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے ایوان کو بتایا کہ تربیلا چار توسیعی منصوبے پر کام شروع کیا گیا ہے ۔ اس منصوبے سے اگلے تین سال میں ایک ہزار چار سو بیس میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو گی۔


 

26 فروری 2014 (12:43)
0

قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے کیلئے متعدد چھوٹے اور درمیانے درجے اور کثیر المقاصد منصوبے مختلف مراحل میں ہیں۔وقفہ سوالات کے دوران پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے ایوان کو بتایا کہ تربیلا چار توسیعی منصوبے پر کام شروع کیا گیا ہے ۔ اس منصوبے سے اگلے تین سال میں ایک ہزار چار سو بیس میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو گی۔



بجلی بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرمملکت نے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں لوڈشیڈنگ اٹھارہ سے کم ہو کر چھ گھنٹے رہ گئی ہے۔


 


انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لئے سمارٹ میٹرنگ کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔نیشنل ہیلتھ سروسز کی وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ حکومت تمام طبی آلات کا اندراج کرنے کے ایک منصوبے پر عمل پیرا ہے۔


 


 


انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں سمری وزارت قانون کو ارسال کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والی اٹھارہ بین الاقوامی کمپنیوں کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔


 


انہوں نے بتایا کہ ان کمپنیوں نے ادویات کی قیمتوں کے بارے میں عدالت سے حکم امتناعی حاصل کیا ہے۔