وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے عوام کو باخبر رکھنے میں ریڈیو پاکستان کے سوشل میڈیا کے کردار کو اجاگر کیا۔

File photo

تہران :ایشیا اور بحرالکاہل کے نشریاتی ترقی کے ادارے کا سالانہ اجلاس
26 اگست 2016 (21:28)
0

تہران میں جاری ایشیا اور بحرالکاہل کے نشریاتی ترقی کے ادارے کے بیالیسویں سالانہ اجلاس اور پندرہویں جنرل کانفرنس میں رکن براڈ کاسٹنگ اداروں سے تعاون کیلئے ایک سٹرٹیجک منصوبہ وضع کیا گیا ہے تاکہ یہ ادارے خود کو نشریات کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرسکیں۔
اطلاعات و نشریات کی وفاقی سیکرٹری صبا محسن رضا نے کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے والے ممالک زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کے ذریعے ڈیجیٹل نشریات کے شعبے میں دیگر رکن ممالک کی استعداد کار میں اضافہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے فیس بک پیج کو تقریباً بائیس لاکھ افراد نے پسند کیا ہے اور دنیا بھر سے 23 لاکھ سے زیادہ افراد اس کو دیکھ رہے ہیں' روزانہ تقریباً چار لاکھ افراد اس پیج کو دیکھ رہے ہیں اور اس کی رسائی روزانہ فیس بک استعمال کرنے والے ایک کروڑ سے زائد افراد تک ہے ' تقریباً بیس لاکھ افراد ریڈیو پاکستان کے ٹویٹر اکائونٹ پر جارہے ہیں اور ان میں روزانہ قریباً ایک سو چالیس افراد کااضافہ ہورہا ہے۔
سیکرٹری اطلاعات نے ادارے پرزور دیا کہ وہ اپنے تربیتی پروگرام کے جغرافیائی اور موضوعاتی شعبوں پر توجہ دیتے ہوئے اسے متنوع بنائے اور زیادہ سے زیادہ ملازمین کوتربیت دینے کے لئے ادارے کے تربیت کار رکن ممالک کو بھیجے جائیں۔