مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے جابرانہ اقدامات جموں و کشمیر کے عوام کو جدوجہد آزادی ترک کرنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔

عالمی برادری کشمیریوں کیساتھ کیا گیا وعدہ پورا کرے:سرتاج
26 اگست 2016 (18:32)
0

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ اور یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت جموں و کشمیر کے عوام سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کریں۔
انہوں نے یہ بات مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں جاری قتل عام اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں جمعہ کے روز اسلام آباد میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اور یورپی سفیروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔
مشیر خارجہ نے کہا کہ انسانی حقوق کے اصولوں اور بین الاقوامی قانون کی بالادستی یقینی بنانے میں عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اور یورپی یونین کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی قابض فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت کی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری خونریزی پر شدید تشویش ظاہر کی۔
مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے جابرانہ اقدامات جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت پر مبنی اپنی منصفانہ جدوجہد ترک کرنے پر مجبور نہیں کرسکتے۔
انہوں نے تنازعہ کشمیر پر مذاکرات کی پاکستان کی تجویز کے جواب میں بھارت کے انکار پر افسوس ظاہر کیا۔
پی فائیو اور یورپی یونین کے سفراء نے یہ مسئلہ پرامن طور پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے کہاکہ اس دیرینہ تنازعے کے تصفیے اوروادی کی موجودہ سنگین صورتحال کے تناظر میں مذاکرات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔