Thursday, 25 April 2024, 09:19:23 pm
وزیراعظم کا دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ ، مشترکہ کوششیں کرنے پر زور
October 26, 2021

وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ اور مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا ہے۔سعودی عرب کی میزبانی میں ریاض میں منعقد ہونے والی مڈل ایسٹ گرین Initiativeسربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کو دنیا میں سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا جس سے موسمیاتی نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بد قسمتی سے ماحولیاتی حوالے سے دس انتہائی غیر محفوظ ممالک میں شامل ہے جس نے گزشتہ دس برس کے دوران ایک سو پچاس بد ترین موسمیاتی واقعات کا سامنا کیا اور اسے تین ارب اسی کروڑ ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے خاتمے کیلئے دس ارب درختوں کے منصوبے سمیت اپنی حکومت کی طرف سے کیے جانے والے مختلف منصوبوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ موجودہ حکومت اب تک اڑھائی ارب درخت لگا چکی ہے۔عمران خان نے کہا کہ بجلی کی تیس فیصد پیداوار ماحول دوست توانائی پر منتقل کر دی گئی ہے اور پاکستان 2030تک اپنی ساٹھ فیصد بجلی ماحول دوست توانائی سے حاصل کرے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے جس کے تحت 2023تک مینگروز کے ایک ارب درخت لگائے جائیں گے کیونکہ مینگروز کے درخت سب سے زیادہ کاربن ڈائی اکسائیڈ جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں بنجر زمین کو زیر زمین پانی کے استعمال سے بہتر بنایا جا رہا ہے اور امداد کا 44فیصدموسمیاتی تبدیلی کے منصوبوں کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے جسے عالمی بینک نے سراہا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ریاض میں مڈل ایسٹ گرین Initiativeسربراہ کانفرنس کے موقع پر بحرین کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے دو طرفہ اہمیت کے متعدد امور اور افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کیلئے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے افغان عوام کی مدد کیلئے افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.