Saturday, 20 April 2024, 09:11:42 am
آزاد کشمیر انتخابات،تحریک انصاف 25 نشستیں حاصل کرکے سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے
July 26, 2021

پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے اعلان کردہ غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پچیس نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی نے گیارہ نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان مسلم لیگ نواز نے چھ نشستیں حاصل کی ہیں۔مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری،خواجہ احمد فاروق ،سردار تنویر الیاس ،دیوان خان چغتائی ،چوہدری ارشد اور چوہدری انوارالحق نے اپنی نشستیں جیت لی ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امید واروں راجہ فاروق حیدر اور شاہ غلام قادر نے بھی اپنی نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم اور مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان بھی ایل اے چودہ باغ سے کامیاب قرار دئیے گئے ہیں۔آزاد کشمیر اضلاع کے تینتیس حلقوں میں مجموعی طور پر پانچ سو ستاسی امیدوار مد مقابل تھے اور پاکستان میں مقیم جموں و کشمیر مہاجرین کی بارہ سیٹوں پر ایک سو اکیس امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا۔آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات آزادانہ ،منصفانہ اور شفاف طریقے سے منعقد کئے گئے۔انہوں نے امن و امان کی صورتحال پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور انتخابات کا انعقاد پر امن طور پر یقینی بنانے پر پولیس اور پاک فوج کی کارکردگی کو سراہا۔

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے مطابق موجودہ عام انتخابات میںڈالے گئے ووٹوں کی شرح اٹھاون فیصد رہی جبکہ 2016کے انتخابات میں یہ شرح پینسٹھ فیصد تھی۔کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد بتیس لاکھ تھی جن میں سے سترہ لاکھ مرد اور چودہ لاکھ خواتین ووٹرز ہیں۔ڈالے گئے ووٹوںکی کل تعداد اُنیس لاکھ اکتیس ہزار سات سو چوبیس تھی جن میں سے سترہ ہزار چار سو اٹھارہ ووٹ مسترد ہوئے۔پاکستان تحریک انصاف نے بتیس اعشاریہ صفر پانچ فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے بالترتیب پچیس اعشاریہ پینسٹھ فیصد اور اٹھارہ اعشاریہ اٹھائیس فیصد ووٹ حاصل کیے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.