Monday, 13 July 2020, 09:13:49 am
پاکستان فسطائی مودی حکومت کے ہاتھوں کشمیریوں پر جاری مظالم پر ہرگزخاموش نہیں رہیگا، وزیرخارجہ
May 26, 2020

فائل فوٹو

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مودی کی فسطائی حکومت کی طرف سے مسلمانوں پر ظلم وتشدد اور ان کے قتل عام پر ہرگز خاموش نہیں رہے گا۔

انہوں نے مختلف ٹویٹس میں کہا کہ مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کا مقصد انہیں شہریت سے محروم کرنا، ان کے طرز زندگی کو تباہ کرنا، ان کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا اور ان کے مستقبل کو مخدوش بنانا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم چپ نہیں رہیں گے اور ایک اور گجرات جیسا سانحہ نہیں ہونے دیںگے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم جیسے عالمی اداروں نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تشدد اور اسلامو فوبیا میں اضافے کا مقابلہ کرنے کیلئے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کے حوالے سے پاکستان کی حمایت کی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل اسلاموفوبیا، تشدد اور علاقائی عدم استحکام کے حامل مودی کے دراوڑی بالادستی کے نظریے کے مخالفت کرنے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگتریس کی طرف سے اسلاموفوبیا پر قابو پانے پر اتفاق اور اسلامی تعاون تنظیم کے آزادانہ مستقل انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے مذمت کا خیر مقدم کیا ہے۔