Monday, 13 July 2020, 10:49:44 am
بھارتی فوج نے گزشتہ تین ماہ میں 61کشمیریوں کو شہید کیا
May 26, 2020

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کاروائیوں میں گزشتہ تین ماہ کے دوران 61کشمیریوں کو شہید کیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے آج جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق اس عرصے کے دوران مقبوضہ علاقے کے مختلف علاقوں میں مظاہرین پربھارتی فوجیوں کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 354 افراد زخمی ہوگئے۔

بھارتی فوجیوں نے محاصرے کی مختلف کارروائیوں میں 1793 افراد کو گرفتار کیا۔ فوجیوں نے گذشتہ تین ماہ کے دوران 800 سے زائد مکانات اوردیگر عمارتیں تباہ کردیں۔

ادھر حریت رہنما عمر عادل ڈار ، جموں و کشمیر اسلامی تنظیم آزادی اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنماؤں نے اپنے بیانات میں فاشسٹ مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں ظالم بھارتی فوج سے لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لئے مداخلت کرے۔

دریں اثناء سکالرز کنسلٹیٹیو اینڈ ایکشن نیٹ ورک سے وابستہ سکالرزنے جو مختلف ممالک اور خطوں کے اسکالرز کی ایک تنظیم ہے ، اقوام متحدہ کے سربراہ،سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے نسل کشی کی روک تھام اور تحفظ کی ذمہ داری کو ایک کھلے خط میں کہا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے آبادی کا تناسب زبردستی تبدیل کرنے کی کوششوں کو روکنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر مداخلت کریں۔

تنظیم نے اقوام متحدہ کے اعلی اداروں کے سربراہوں کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف بھی مبذول کرائی۔

ادھر مقبوضہ کشمیر میں حال ہی اعلان کردہ نئے ڈومیسائل قانون کو بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں و کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے بانی اور سرپرست پروفیسر بھیم سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جموں وکشمیر کے لئے نئے ڈومیسائل قانون کو چیلنج کیا ہے اور سٹیٹ سبجیکٹ قوانین ، ریاستی حیثیت اور جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لئے دلائل پیش کئے ہیں جو 5 اگست 2019 کو تبدیل کئے گئے تھے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنا غیر آئینی ہے اوریہ بھارتی آئین کی روح کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت جموں وکشمیر کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تبدیل نہیں کرسکتی۔