Thursday, 09 April 2020, 06:51:40 am

مزید خبریں

 
صدر کا علماء کرام پر عوام کو گھر رہنے اور نماز ادا کرنے کی تلقین پر زور
March 26, 2020

صدرڈاکٹر عارف علوی نے علمائے کرام پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کو گھر پر رہنے اور گھر پر ہی نماز ادا کرنے کی تلقین کریں تاکہ کورونا وائرس سے بچا جا سکے۔ وہ جمعرات کے روز گورنروں اور علمائے کرام کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا اور اس وباء کے خلاف عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے علمائے کرام کی معاونت طلب کی۔صدر نے زور دیا کہ موجودہ بحران کا واحد حل سماجی دوری ہے اور اسلام کی تعلیمات پر عمل ہے۔انہوں نے علمائے کرام کے درمیان یکجہتی بالخصوص کل کراچی میں مشترکہ اعلامیے کو سراہا جس میں کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔علمائے کرام نے اپنے پورے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کی ہدایات پر عمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی متعدد اقدامات کئے ہیں جن میں مذہبی اجتماعات، امتحانات، کانووکیشنز کی منسوخی اور تیس لاکھ سے زائد طالبعلموں کی تعطیلات شامل ہیں۔ویڈیو کانفرنس میں شرکت کرنے والوں میں صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان، مذہبی امور کے وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے گورنرز، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز اور مختلف مسالک کے علمائے کرام شامل تھے۔