Thursday, 02 April 2020, 11:13:08 am
ایکنک کی قلعہ سیف اللہ کیلئے4ارب 90کروڑ سے زائد کے نظرثانی شدہ منصوبے کی منظوری
March 26, 2020

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹوکمیٹی نے بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں چار ارب نوے کروڑ چھپن لاکھ سڑسٹھ ہزار روپے کی نظر ثانی شدہ لاگت سے توئی وار ، بتوزئی سٹوریج ڈیم کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔ کونسل کا اجلاس خزانہ اور ریونیو کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کے زیر صدارت جمعرات کو اسلام آباد میں ہوا۔منصوبے سے پچانوے ہزار ایکڑ فٹ پانی زخیرہ جبکہ سولہ ہزار سات سو پچاس ایکڑ اراضی پر کاشتکاری کی جا سکے گی۔اجلاس میں نائو لونگ ڈیم منصوبے کے دوسرے نظر ثانی شدہ پی سی ون کی اصولی طور پر منظوری دی گئی جس سے اقتصادی امور کی ڈویژن منصوبے کیلئے مالی معاونت کے حصول کی غرض سے ایشیائی ترقیاتی بینک سے مذاکرات شروع کر سکے گی۔اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن ون میں سولہ ارب روپے سے زائد کی نظر ثانی شدہ لاگت سے نیشنل الیکٹرانک کمپلیکس آف پاکستان کے پہلے مرحلے کی بھی منظوری دی گئی۔ پاکستان کے بارانی علاقوں میں پچیس ارب چونتیس کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے کمانڈ ایریا کو توسیع دینے کے قومی پروگرام کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میںضلع راولپنڈی اورچکوال میں گیارہ ارب نواسی کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے مندرہ چکوال روڈ منصوبے کو دو رویہ اور بہتر بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔