Saturday, 21 April 2018, 05:14:52 am
شعبہ صحت میں بے مثال اصلاحات ،اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں،سائرہ افضل
January 26, 2018

 وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ گذشتہ ساڑھے چار سال کے دوران صحت کے شعبے میں بے مثال اصلاحات اور اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔انہوں نے یہ بات ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیر صحت نے کہا کہ حفاظتی ٹیکوں کے لئے عالمی اتحاد سے حفاظتی ٹیکوں اور ویکسین کے پروگرام کو بہتر بنانے کے لئے جامع اصلاحات کا آغاز کرنے پر پاکستان کو ایک ماڈل کے طور پر پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی فنڈ اور GAVI سے پاکستان کے لئے تعاون عالمی اقتصادی فورم کی بدولت حاصل ہوا ہے۔سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کے تحت پاکستان بھر کے اکتیس لاکھ خاندانوں کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور اب ملک خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والی پوری آبادی کو یہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد نگراں بورڈ اور فنی مشاورتی گروپ جیسے بڑے نگران اداروں نے پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔وزیر صحت نے کہا کہ وفاقی حکومت نے وسائل پیدا کرنے، شعبہ صحت کو منظم بنانے اور صوبوں کے ساتھ راوابط کے لئے بڑے اقدامات کئے جن کا مقصد مشترکہ اہداف کا حصول اور معیاری خدمات کی فراہمی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی فنڈ کے نئے فنڈنگ ماڈل کے تحت پاکستان کے اڑتالیس متاثرہ ضلعوں میں ملیریا کی ویکسین کیلئے پانچ کروڑ 20لاکھ ڈالر حاصل کئے ہیں۔