مشیر مشیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دے رہا ہے۔

امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے:سرتاج
25 اکتوبر 2014 (20:01)
0

خارجہ امور اور قومی سلامتی کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دے رہا ہے۔
وہ ہفتہ کے روز اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو اسکی کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہئیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو مزید متحرک بنانے کیلئے عالمی سطح پر کوششیں کر رہے ہیں۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ حکومت مختلف ممالک میں خصوصی نمائندے بھیجے گی تاکہ انہیں کنٹرول لائن پر بھارت کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کا اپنے طریقے سے حل چاہتا ہے لیکن پاکستان اسکی یہ کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں غیرموثر نہیں ہوئیں ۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ملک میں لاقانونیت پھیلانے کی سازشیں ناکام بنانی ہیں ۔