سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو اسکی کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہئیے۔

پاکستان کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دے رہا ہے:سرتاج
25 اکتوبر 2014 (15:05)
0

خارجہ امور اور قومی سلامتی کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دے رہا ہے۔


وہ آج (ہفتہ) اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی خیریت دریافت کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو اسکی کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو مزید متحرک بنانے کیلئے عالمی سطح پر کوششیں کر رہے ہیں۔


سرتاج عزیز نے کہا کہ حکومت مختلف ممالک میں خصوصی نمائندے بھیجے گی تاکہ انہیں کنٹرول لائن پر بھارت کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔


انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کا اپنے طریقے سے حل چاہتا ہے لیکن پاکستان اسکی یہ کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گا۔کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں غیرموثر نہیں ہوئیں۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ کارروائی کے باعث دہشتگردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔


ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں جاری فوجی کارروائی کا ردعمل اتنا شدید نہیں تاہم فوجی اور انٹیلی جنس سطح پر اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ملک میں لاقانونیت پھیلانے کی سازشیں ناکام بنانی ہیں ۔