نوازشریف کا ساہیوال بجلی گھر کے660 میگاواٹ کے پہلے یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب۔

25 مئی 2017 (18:31)
0

وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ بجلی کی کمی پرقابوپانے کیلئے حکومت کی انتھک کوششوں کے ثمرات اب نظر آرہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز سہ پہر کوئلے سے تیرہ سو بیس میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل ساہیوال بجلی گھر کے چھ سو ساٹھ میگاواٹ کے پہلے یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔


وزیراعظم نے کہاکہ اگلے سال تک قومی گرڈ میں دس ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی جائے گی جس سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت بجلی کی پیداوار بڑھانے اور اس کے نرخ میں کمی کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کررہی ہے ۔
محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پاکستان اور خطے کی تقدیر بدل جائے گی انہوں نے کہاکہ اب اس کا حجم چھپن ارب ڈالرز تک بڑھادیاگیا ہے جسے اگلے مرحلے میں تریسٹھ ارب ڈالرز تک پہنچایا جائے گا ۔

وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے اس موقع پر کہاکہ کوئلے سے چلنے والا ساہیوال بجلی گھر ریکارڈ مدت میں شفاف طریقے سے مکمل کیاگیا ہے جس سے وزیراعظم نوازشریف کی فعال قیادت پر چین کا اعتماد ظاہر ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو سال کے دوران ہونے والی ترقی کی ملک کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منصوبے کی بائیس ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر پاکستانی قوم اور حکومت کو مبارک باد دی۔
انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ پاک چین تعلقات کا ایک عظیم تحفہ ہے انہوں نے کہاکہ ایک خطہ ایک سڑک تصور سے پاکستان اور خطے میں ترقی وخوشحالی آئے گی ۔
چینی سفیر نے کہاکہ اس منصوبے سے پیدا ہونے والی بجلی سے ایک کروڑ افراد کو فائدہ ہوگا۔