تربت میں پاک بحریہ کا ہوائی اڈہ اقتصادی سرگرمیاں بڑھائے گا:وزیر دفاع
25 مئی 2017 (16:27)
0

خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ یہ بحری اڈہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کو تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ملک کی سمندری حدود کے تحفظ کے لئے پاک بحریہ کو مضبوط بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔وہ آج تربت میں بحریہ کے فضائی اسٹیشن پی این ایس صدیقی کو دوبارہ فعال بنانے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اﷲ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ یہ بحری اڈہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کو تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔
انہوں نے کہا کہ سمندر ی حدود کے دفاع کے علاوہ یہ بحریہ اڈہ ملک کی اقتصادی ترقی میں بھی مدد گار ثابت ہو گا ۔انہوں نے تعلیم ، صحت اور مواصلات کے شعبوں میں بلوچستان کی مقامی آبادی کی مدد کرنے پر پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا۔اپنے خیرمقدمی کلمات میں کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل عبدالعلیم خان نے کہا کہ بحریہ اڈے کی نو تعمیر شدہ رن وے کو فوجی کے علاوہ سویلین طیارے بھی استعمال کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی جانب سے اس رن وے کے استعمال سے ملک کے اس حصے میں اقتصادی روابط کو فروغ حاصل ہو گا ۔