دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ امریکہ اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری نے بھی کنٹرول لائن کی صورتحال پر اپنی تشویش ظاہر کی ہے۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں بربریت سے توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پر صورتحال خراب کر رہا ہے:پاکستان
25 مئی 2017 (16:04)
0

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے ظلم وستم اور بربریت سے توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پر صورتحال خراب کر رہا ہے ۔آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ امریکہ اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری نے بھی کنٹرول لائن کی صورتحال پر اپنی تشویش ظاہر کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا واحد حل یہی ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے خطے میں دیرپا امن بھی قائم ہو گا۔ایک سوال پر نفیس ذکریا نے کہا کہ بھارت میں عدم استحکام ایک حقیقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں بغاوت کی تحریکیں جاری ہیں اور اقلیتوں کا قتل عام عروج پر ہے ۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات اور دہشت گردی کی مالی معاونت میں ملوث ہے ۔کلبھوشن کے مقدمے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف میں کامیابی کا بھارتی دعویٰ بالکل غلط اور گمراہ کن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت نے صرف پھانسی کا عمل روکا ہے اور ہم مقدمے کی اگلی سماعت کیلئے تیاری کر رہے ہیں
ریاض میں ہونے والے حالیہ سربراہ اجلاس کے بارے میں سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسلامی ملکوں کے اتحاد کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کوششیں جاری رکھے گا۔