صدر ،وزیر اعظم،وزیراطلاعات ،وزیر اعلیٰ پنجاب، آرمی چیف اور چینی صدر کا سانحہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس۔

25 جون 2017 (08:24)
0

آج صبح بہاولپور میں احمد پور شرقیہ کے قریب نیشنل ہائی وے پر ایک آئل ٹینکر تیز رفتاری کے باعث اُلٹ گیا جس سے کم از کم ایک سو باون   افراد جاں بحق اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے ہمارے بہاولپور کے نمائندے کو بتایا کہ آئل ٹینکر اُلٹنے کے بعد اس سے تیل بہنا شروع ہوگیا اور قریبی علاقوں کے لوگوں نے ٹینکر سے بہنے والا تیل جمع کرنا شروع کردیا۔
اسی دوران آئل ٹینکر نے آگ پکڑ لی اور دھماکے سے پھٹ گیا جس سے ہلاکتیں ہوئیں اور لوگ زخمی ہوئے۔
زخمیوں کوڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا ۔

صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے آج احمد پور شرقیہ کے قریب آئل ٹینکر کے المناک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
وزیراعظم نے صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ زخمیوں کو علاج کی ہر ممکن بہترین سہولتیں فراہم کرے۔
صدر ممنون حسین نے بھی سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے احمد پور شرقیہ کے قریب آئل ٹینکر کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی۔
وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی آئل ٹینکر کے سانحے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے بچائو اور امداد کی کارروائیوں میں سول انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامی کے مطابق آرمی Aviation کے ہیلی کاپٹرز زخمیوں کو ہسپتالوں اور برن سنٹرز میں منتقل کرنے کیلئے روانہ کئے گئے ہیں۔

اطلاعات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئل ٹینکر کے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو تمام ممکنہ طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف زخمیوں کی ہسپتالوں میں منتقلی اور علاج سمیت تمام انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے المناک سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے اتوار کے روز احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر کے سانحے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدر ممنون حسین سے تعزیت کی ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں چینی صدر نے کہا کہ چین کی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ ہے۔