بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امریکہ میں نائن الیون کے حملوں کے بعد سے پاکستان کودہشتگردی سے شدید نقصان پہنچا ۔

file photo

بری فوج کے سربراہ کاانسداد دہشتگردی کی کاروائیاں جاری رکھنے کا عزم
25 جون 2017 (06:33)
0

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
ملک میں دہشت گرد حملوں کی حالیہ لہر کے تناظر میں راولپنڈی میں اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا وقت کا تقاضا ہے کہ دوسرے فریق خصوصاً افغانستان بھی اس سلسلے میں مزید اقدامات کرے۔
اجلاس کو بتایاگیا کہ ملک میں حالیہ واقعات کاافغانستان میں موجود دہشت گردوں سے گہر ا تعلق ہے جوNDS اور را کی سرپرستی میں دہشت گردی کی کارروائیاں کررہے ہیں۔
بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ میں نائن الیون کے حملوں کے بعد سے پاکستان ان چند ملکوں میں سے ایک ہے جنہیں دہشتگردی سے شدید نقصان پہنچا اور اس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دیں، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری قربانیوں کا اعتراف نہیں کیا گیا بلکہ ہم سے اس سلسلے میں مزید اقدامات کرنے کا تقاضا کیا جارہا ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پاکستان علاقائی امن واستحکام کی کوششیں جاری رکھے گا اورکسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے نہیں دے گا۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان اور اس کے غیور عوام جو سکیورٹی فورسز کی اصل طاقت ہیں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔