File Photo

حکومت نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے 279 ارب روپے سے زائد جاری کردیئے
25 دسمبر 2016 (12:18)
0

وفاقی حکومت نے ملک بھر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے رواں مالی سال کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کیلئے مختص آٹھ سو ارب روپے میں سے 279 ارب روپے سے زائد جاری کئے ہیں۔

منصوبہ بندی کمیشن کے مطابق اس ماہ کی 23 تاریخ تک پانی و بجلی کے شعبے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے 48 ارب روپے جاری کئے گئے، شاہراہوں کے مختلف منصوبوں کیلئے شاہراہوں کے قومی ادارے کو 79 ارب روپے جاری کئے گئے۔
اسی طرح عارضی طور پر بے گھر افراد اور سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے خصوصی وفاقی ترقیاتی پروگرام کیلئے بیالیس ارب روپے سے زائد جاری کئے گئے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، ریاستوں اور سرحدی علاقوں اورفاٹا سمیت خصوصی علاقوں کی ترقی کیلئے بیس ارب روپے جاری کئے گئے۔
اس عرصے کے دوران وزیراعظم کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے پروگرام کیلئے بیس ارب روپے جبکہ وزیراعظم کے یوتھ اور ہنرمند پروگرام کیلئے آٹھ ارب روپے جاری کئے گئے۔
اسی طرح ریلوے کے ترقی اور بہتری کے منصوبوں کیلئے تقریباً چودہ ارب روپے اور پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے منصوبوں کیلئے انیس ارب روپے جاری کئے گئے۔