وسطی ایشیاء کی بیشتر ریاستوں نے اپنی برآمدات کیلئے پاکستان کی سمندری بندرگاہوں کو استعمال کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کاوسط ایشیائی ممالک کےساتھ توانائی راہداری قائم کرنےکی خواہش کااظہار
25 اگست 2015 (22:10)
0

وزیراعظم نوازشریف نےوسطی ایشیاء کےممالک کےساتھ تجارتی اورتوانائی راہداری قائم کرنےکی خواہش کااظہارکیا۔انہوں نے اس خواہش کا اظہار منگل کے روز آستانہ میں قازقستان کے وزیراعظم کریم مسی موف سے ایک ملاقات میں کیا۔  وسطی ایشیاء کی بیشتر ریاستوں نے اپنی برآمدات کیلئے پاکستان کی سمندری بندرگاہوں کو استعمال کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور مواصلات میں دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے پر زور دیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کپاس کی مصنوعات، ادویات، اشیائے خوردونوش، انجینئرنگ کے آلات، مشینری اور تعمیراتی شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ بین الاقوامی فورموں پر تعاون کے بارے میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 2017-18 کیلئے غیر مستقل رکنیت کیلئے قازقستان کی حمایت کرتا ہے۔  وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم میں رکنیت حاصل کرنے میں پاکستان کی حمایت کرنے پر قازقستان کو سراہا۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسائیہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔  افغانستان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پر امن، مستحکم اور متحد افغانستان پاکستان اور قازقستان کے مشترکہ مفاد میں ہے ۔ دونوں ملک افغانیوں کی قیادت میں افغان مفاہمتی عمل کے بھی حامی ہیں۔  وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں استحکام سے پورے خطے میں خوشحالی آئے گی اور تعاون بڑھے گا۔ دہشتگردی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تمام دہشتگرد گروپوں کے خلاف بلا امتیاز جامع اور بھرپور قانونی کارروائی ضرب عضب کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

قازقستان کے وزیراعظم کریم Massimov نے تمام بین الاقوامی فورمز پر ان کے ملک کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔  کریم Massimov نے کہا کہ قازقستان پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل ہوگاکیونکہ اس سے انہیں سمندر تک رسائی کیلئے متبادل راستہ میسر آئے گا۔